سر سید کے اخلاق و خصائل کا سیاق و سباق : انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں حصہ سیاق و سباق میں 100٪ نمبرات کے لیے یہ سیاق و سباق لکھیں۔
سر سید کے اخلاق و خصائل کا سیاق و سباق
زیر بحث اقتباس درسی کتاب کے سبق “سرسید کے اخلاق و خصائل” سے لیا گیا ہے جو کہ مولانا الطاف حسین حالی کی کتاب “حیاتِ جاوید” سے ماخوذ ہے ۔ حالیؔ سر سید کی عادات کے متعلق لکھتے ہیں کہ ظرافت ، خوش طبعی ، مطالعہ کی عادت کے ساتھ ساتھ خطوں کے جواب دینے میں بہت فیاض تھے ۔ دائمی غوروفکر ، محنت ، جفا کشی اور دماغی محنت نے ان کو غیر معمولی قابلیت اور ذہانت دی تھی ۔ ہنسی ، دل لگی اور دوستوں کی صحبت ان کو خوش رکھتی تھی ۔ راست باز تھے اور راست بازی کو پسند بھی کرتے تھے ۔ محبت کا درجہ عام لوگوں کی نسبت ان میں بہت زیادہ تھا یہ محبت خاندان سے ہو یا ملازموں سے ؛ ملک سے ہو یا دوستوں سے ہو ۔ بھائی اور والدہ سے محبت لازوال تھی ۔ سرسید کے نمایاں اوصاف میں متاعِ دنیا سے بے نیازی تھی ۔کبھی دولت جمع نہیں کی جو کمایا نیک نامی کے ذرائع پر صرف کر دیا ۔ ضرورت مندوں ، غریبوں کی امداد گیری کے حوالے سے بیسیوں مثالیں آپ کی زندگی سے دی جا سکتی ہیں ۔ خانگی اخراجات کی کبھی پرواہ نہ کرنا ، اچھی کتاب کو 20 گنی قیمت پر بھی خرید لینا ، مزدوروں کو ان کی محنت اور توقع سے زیادہ مزدوری دینا آپ کے اوصاف جمیلہ کی کچھ مثالیں ہیں ۔ سر سید مسلمانوں کی ترقی کے لیے امراء سے لے کر حاکمان ِوقت کے درباروں تک تو گئے لیکن اپنا تن من داغدار نہیں ہونے دیا۔