علاقے کی صفائی کے لیے چیئرمین بلدیہ کے نام درخواست کو مختلف محکموں کے سربراہان کے حوالے سے لکھنے کے لیے دیا جا سکتا ہے ۔ جیسے کمشنر کے نام ، ڈپٹی کمشنر کے نام ، ناظم کے نام وزیراعلیٰ کے نام ؛ تو آپ نے صرف پہلی سطر میں تبدیلی کرکے اسی کو لکھ دینا ہے۔
بخدمت جناب ،چئیرمین بلدیہ ، فیصل آباد
عنوان : درخواست برائے صفائی
جنابِ عالی !
نہایت ادب و احترام سے گزارش ہے کہ بندہ جنت گارڈن پیرمحل ، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا عرصہ تیس سال سے رہائشی ہے ۔جس کی آبادی تقریباً پچیس ہزار نفوس پر مشتمل ہے گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے اب تک عوام اکثر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں ۔ آبادی میں اضافے کے ساتھ بلندوبالا عمارات اور بڑھتے ہوئے نجی کاروباری مقامات نے شہر کا ماحول تعفن زدہ کر دیا ہے ۔ شہر سے درختوں کی مسلسل کٹائی کی وجہ سے ہر سال آلودگی بڑھتی جارہی ہے جس سے سانس اور دمے کی بیماریوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔
جنابِ عالی! بلدیہ کمیٹی کی بد انتظامی اور سستی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ سارا شہر کچرامنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں اور ان میں جابجا آگ لگا کر ماحول کو انتہائی آلودہ کر دیا گیا ہے ۔سڑکیں خندقوں کی صورت اختیار کر گئی ہیں تو گلیاں بارش کے دنوں میں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہوتی ہیں ۔نکاسی آب کے لیے بچھائی گئی سیورج لائن جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ گٹر اُبل رہے ہیں اور اکثر کے ڈھکن موجود ہی نہیں یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔سارا شہر مچھروں کی آماج گاہ بن گیا ہے۔جس سے پورا سال شہر ی ملیریا اور ڈینگی جیسی مہلک بیماریوں کا شکار رہتے ہیں ۔
جناب عالی ! کئی مرتبہ میونسپل کمیٹی کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول کروائی گئی لیکن ابھی تک ان کے کانوں تک جوں نہیں رینگی ۔محکمہ بلدیہ کے اہلکار شہر سے ایسے غائب ہوئے ہیں جیسے گدھے کے سر سے سینگ ۔ آپ سے استدعا ہے مندرجہ بالا گذارشات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے عوامی مفادِ عامہ کی خاطر ذاتی دلچسپی لے کر شہر کی صفائی اور ستھرائی کی طرف توجہ دی جائے۔ اہل شہر پر آپ کا احسان ہو گا جس پر وہ تاحیات آپ کے احسان مند رہیں گے۔
درخواست گزار
الف۔ب۔ج