چئیرمین بورڈ،انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجو کیشن کے نام سند جاری کرنے کی درخواست سب سے اہم درخواست ہے۔ عمومی طور پر چئیرمین بورڈ کے نام سند جاری کرنے کی درخواست ہر طالبِ علم کی ضرورت بھی ہے۔اس لیے اس درخواست کو اچھے سے تیار کیجئے گا۔
بخدمت جناب چئیرمین بورڈ،انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجو کیشن ،فیصل آباد
عنوان : حصولِ سند
جنابِ عالی !
نہایت ادب و احترام سے گزارش ہے کہ میں نے سیشن 2016ء تا 2018ء کے تحت ہونے والے سالانہ امتحان کو رول نمبر 456020کے ساتھ 1020 نمبرات لے کر امتیازی حیثیت سے پاس کیا تھا ۔رزلٹ کارڈ کے اجرا کی صورت میں میری کامیابی کی اطلاع دی گئی تھی ۔ دو سال گزر جانے کے باوجود بندہ کو تاحال سند موصول نہیں ہوئی جبکہ میرے اکثر ہم جماعت دوستوں کو سند موصول ہو چکی ہے۔
جناب عالی! مجھے اب بی۔ایس۔سی (B.Sc.) امتحان کا داخلہ بھیجنا ہے ۔ داخلہ کی شرائط میں انٹر کی سند بھی ضروری ہے ۔ آپ سے استدعا ہے کہ براہ کرم درج ذیل ایڈریس پر میری انٹرمیڈیٹ کی سند بلا تاخیر بھیجنے کے احکامات جاری کیے جائیں ۔تاکہ بندہ اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکے۔
میں اس خصوصی شفقت کی وجہ سے آپ کا احسان مند رہوں گا ۔ درخواست کے ساتھ میں نے انٹرمیڈیٹ کا تصدیق شدہ رزلٹ کارڈ اور سند کے حصول کے لیے چالان فارم کی صورت میں مبلغ ایک ہزار روپے کی اصل رسید لف کر دی ہے ۔ تاکہ تصدیق کی جاسکے۔
درخواست گزار
الف۔ب۔ج