2023چھوٹے بھائی کے نام خط غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین

چھوٹے بھائی کے نام خط غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین کیجئے۔بعض و اوقات یہی خط ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں ہوتا ہے اس لیے آپ کو غیر نصابی سرگرمیوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں فرق جاننا ضروری ہے۔

امتحانی مرکز

4۔فروری  2020ء

عزیزم!

السلامُ علیکم !

آج تمھارا خط ڈاک کے ذریعے ملا تو  سارے گھر میں خوشیوں کا سماں بندھ گیا ۔  تمھارے  دسمبر  ٹیسٹ  کے  رزلٹ کارڈ کی کاپی  جب والد ِ مکرم  نے دیکھی تو ان کی خوشی  دیدنی تھی ۔ مجھے خوشی اس بات کی ہے  کہ جس مقصد کے لیے آپ کو گھر سے دور ایک اجنبی شہر میں بھیجا گیا تھا تم اس مقصد سے ذرا بھی  غافل نہیں ہو ئے ۔ تمھاری محنت اور باقاعدگی تمھارے نتائج سے عیاں ہے ۔ مگر اس شاندار کامیابی پر قانع نہ رہنا بلکہ مزید محنت کو اپنا شعار بنانا تاکہ بورڈ  کے سالانہ امتحانات میں بھی بہتر نتائج دکھا سکو ۔

تم نے اپنے خط میں کالج کی مختلف تقریبات مثلاً تقریری مقابلوں ، مباحثوں ، مشاعروں ، بزم ادب کی تنقیدی نشستوں ، سائنسی سوسائٹی کی نمائشوں اور ڈرامہ سوسائٹی  کے متعلق ایک عجیب بات لکھی تھی کہ “میں ان فضول سرگرمیوں سے ہمیشہ دور رہتا ہوں”۔ان سرگرمیوں کو فضول اور وقت کا ضیاع قرار دینا نامناسب  اور غیرمتوازن  سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

عزیزم! امتحان میں اعلٰی نمبرات کا حصول اور کتابوں کو  رٹ لینا زندگی کا مقصد نہیں ہے ۔ تعلیم کا مقصد تو ذہنی ، اخلاقی اور جسمانی تربیت کانام ہے ۔ تعلیمی سہولتوں اور نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اور  ثقافتی تقریبات میں شمولیت سے شعور اور ذمہ داری   کا احساس ہوتا ہے ۔ ثقافتی سرگرمیوں سے مراد خدانخواستہ ناچ گانے یا رقص  سرور کی محفلیں نہیں بلکہ علمی وادبی تقریبات ہیں ۔ اگر تم محض کتابی کیڑا بنے رہو گے تو یاد رکھوعملی زندگی میں تمھاری کامیابی پر کئی سوالات  اٹھیں  گے ۔ اگر تم عظیم لوگوں کی زندگی کا مطالعہ کرو تو  تمھیں ان کی عادات میں بھی ان تمام سرگرمیوں کا تذکرہ ملے گا۔

پیارے بھائی! کالج کی چند سالہ زندگی بڑی اہم ہوتی ہے تم اپنے بنائے ہوئے  خودساختہ حصار سے باہر نکلو اور علمی و ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں پوری دلچسپی سے حصہ لو ۔ میری  یہ باتیں تمھیں تکمیلِ تعلیم کے بعد ملازمت یا  مقابلے کے امتحان کے دوران اپنی  افادیت اور اہمیت کا احساس  دلائیں گی ۔ اس سے خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہو گا ۔کھیل کے ذریعے تم مشکلات پر قابو پانا سیکھ سکتے ہو ؛وقت کی پابندی ،صبر ، اتحاد اور برداشت  جیسی خوبیوں  کا سبق بھی ملتا ہے ۔

دانش مندی کا تقاضا یہی ہے کہ وقت کے عطا کردہ مواقعوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے ۔ امید ہے تم ان اشارات کو کافی سمجھو گے اور اپنی ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں ہر ماہ مجھے آگاہ کرتے رہو گے ۔باقی  گھر میں سب خیریت ہے ۔

 امی  جان اور ننھی کی طرف سے سلام قبول کرنا۔اللہ تعالیٰ سدا تمھیں خوش رکھے۔آمین

والسلام

تمہارا بڑا بھائی

الف۔ب۔ج

4 thoughts on “2023چھوٹے بھائی کے نام خط غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی تلقین”

  1. Sir , according to syllabus we have seven letters in syllabus but on your website only one is available ( advice younger brother to take active part in extra cu-curricular activities ) . i request you to please upload other letters as well .

    Reply

Leave a Comment